نائجیریا،16اکتوبر(ایجنسی) شمال مشرقی نائجیریا کی ایک مسجد پر بم حملے میں تمام نمازی ہلاک ہو گئے ہیں۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دو خود کش حملہ آوروں نے مائیدے گورو کی ایک مسجد کو نشانہ بنایا۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ اس نے 42 لاشیں دیکھیں۔ بتایا گیا ہے کہ
نماز کے دوران پہلے ایک بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا اور جیسے ہی بچ جانے والے نمازی مسجد سے باہر آئے، دوسرے خود کش حملہ آور نے بم دھماکا کر دیا۔ ابھی تک کسی مسلح گروپ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم شبہ عسکریت پسند تنظیم بوکو حرام پر کیا جا رہا ہے۔ 2002ء میں یہ شدت پسند تنظیم نائجیریا کے اسی شہر میں قائم کی گئی تھی۔